بفلیاز پھاگلہ ۔منڈی سی آر ایف سڑک خستہ حال نکاسی نظام مکمل مفلوج ،گاڑیوں کی آمد ورفت بھی متاثر

بختیار کاظمی

سرنکوٹ// سب ڈویژن سرنکوٹ کے بفلیاز پھاگلہ تا منڈی سی آر ایف روڈ کا بفلیاز دھڑا موڑا سے فضل آباد تک حالت انتہائی خستہ ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ مسافروں و ٹرانسپورٹروں کو دوران آمد ورفت کئی طرح کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 30برسوں سے مذکورہ رابطہ سڑک کی حالت نہیں بدلی جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات بھی جوں کی توں ہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس رابطہ سڑک پر کئی ایک مقامات پر رابطہ پل تعمیر کئے گئے ہیں تاہم وہ بھی خستہ حال ہو کر منہدم ہونے کی دہلیز پر پہنچ گئے ہیں ۔انہوں نے تعمیر اتی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے کے فنڈز مرمتی کے نام کو خرچ کئے جاتے ہیں لیکن زمینی سطح پر مذکورہ رابطہ سڑک کی حالت جوں کی توں ہی بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کا نکاسی نظام پوری طرح سے مفلوج ہو کررہ گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی زمینیں اور رہائشی مکانات متاثر ہو رہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کے خستہ حال حصے کی مرمت کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔