اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کوکر ناگ سب ڈویژن کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ مختلف جاری دیہی ترقیات محکمہ اور بجلی کے ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا جاسکے ۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے یوم آزادی کے سلسلے میں تقریبات ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔مشیر موصوف کے ہمراہ ڈی ڈی سی چیئرمین اننت ناگ محمد یوسف گورسی ، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا ، ناظم دیہی ترقی محکمہ ، ناظم پھو ل بانی ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی ، چیف انجینئر جے کے پی ڈی سی ایل ، اے ڈی سی ، اے سی ڈی اور دیگرمتعلقین بھی تھے۔مشیر بصیر خان نے 50 ایم وی اے ریسونگ سب سٹیشن لیسرساگم کا معاینہ کیا جہاں انہیں جانکاری دی گئی کہ سب سٹیشن کو صد فیصد بڑھایا جائے گا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کو ہرلحاظ سے مکمل کرنے کے لئے مشن موڈ پر کام کریںاور 31 اکتوبر 2021ء تک مکمل کرنے کی ٹائم لائن مقرر کی۔مشیر موصوف نے اِس منصوبے کو عوامی فلاح و بہبود کا ایک بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقے کے زائد اَز 10,000 نفوس کو بجلی کی فراہمی کو پورا کرے گا اور اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو کام کی پیش رفت کا وقتاًفوقتاً جائزہ لینے کی ہدایت دی۔مشیر موصوف نے ساگام اے اور بی میں کووِڈ کیئر سینٹروں کا دورہ کیا اور اُنہوں نے متعلقین سے کووِڈ کیئریر سینٹروں کو رہنما اَصولوں کے مطابق چلانے کی ہدایت دی۔مشیر بصیر خان نے ساگام میں فِش پانڈ اور لنک سڑکوں پر جاری کام کا بھی معائینہ کیا جو دیہی ترقیات کے تحت منریگا اور 14 ویں مالی سال کے تحت انجام دیا جارہا ہے ۔ اُنہوں نے سکیم کے تحت بروقت اُجرت فراہم کرنے کی ہدایت دی اور روزگار پیدا کرنے والے کاموں پر توجہ دینے پر بھی زور دیا۔بعد میں مشیر بصیر خان نے کوکر ناگ میں تمام لائن محکموں کے اَفسران کیساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے ضلع میں مختلف شعبوں کے تحت حصولیابیوں کا تفصیلی پروفائل پیش کیا۔ اُنہوں نے مشیر کو کووِڈ ٹیکہ کاری صورتحال ، یوم آزادی کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں،ڈسٹرکٹ کیپکس کے تحت کاموں کی پیش رفت اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق جانکاری دی۔مشیر موصوف نے بجلی کے منظر نامے کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ ضلع بھر میں بجلی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے تمام محکموں کے اَفسران سے کہا کہ وہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ ہر پنچایت میں کھیل میدانوں اور دیگر متعلقہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ اُنہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ضلع کے علاقوں میں کھیل میدانوں کی ترقی کے لئے زمین کی نشاندہی کریں۔اُنہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے اہم اور کمزور مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی جہاں سیلاب کے دوران رہائش گاہوں کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کے لئے ایک فعال اَقدام کے طور پر سیلاب سے بچائوکے کاموں کو فوری طور پر اُٹھایا جاسکتا ہے ۔مشیر بصیر خان نے ضلع میں یوم آزادی کے سلسلے میں تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ یوم آزادی سے قبل صفائی ستھرائی مہم سمیت پہلے سے لی گئی میٹنگوں میں زیر بحث مختلف سرگرمیاں اَنجام دیں۔اُنہوں نے کہا کہ ثقافتی پروگرام ، یوتھ کلبوں کے ذریعے کھیل سرگرمیاں تقریبات کا حصہ ہونی چاہئیں۔مشیر موصوف نے علاقے کی سیاحت کو صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کے ڈی اے اور فلوی کلچر کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کوکر ناگ بوٹینیکل گارڈن ، مارکیٹ اور دیگر اہم مقامات پر ہائی ماس لائٹوں کی مناسب تنصیب اور دیدۂ ذیبی کے لئے اقدامات کریں۔