کوٹرنکہ//کوٹرنکہ راتھرمنڈی کے مقام پر لوگوں نے کوٹرنکہ بدھل سڑک بند کرکے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کیا ۔پنچایت حلقہ دراج راتھرمنڈی میں بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے لوگ پچھلے ایک ماہ سے گھپ اندھیرے میں ہیں جس پر انہوںنے بشارت راتھر کی قیادت میں محکمہ اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور حکام پر لاپرواہی کا الزام عائد کیا ۔ اس دوران گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل رکھی گئی ۔مظاہرین نے بجلی محکمہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ راتھر منڈی کا ٹرانسفارمر پچھلے ایک ماہ سے خراب ہے جس کی وجہ سے لوگ اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور بارہا گزارشات کرنے کے باوجود محکمہ نے اس کی مرمت نہیں کروائی اور نہ ہی کوئی متبادل انتظام کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ وہ ایک ماہ تک انتظار کرنے کے بعد بالآخر آج احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایس ایچ او بدھل جہانگیر چوہدری موقعہ پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ راتھرمنڈی میں فوری طور پر بجلی سپلائی بحال کی جائے گی ۔اس یقین دہانی پر احتجاج تو ختم کردیاگیالیکن لوگوںنے انتباہ دیاکہ اگر دودنوں میں ٹرانسفارمر نصب نہ ہواتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔