تھنہ منڈی // پیر پبچال پیپلز ویلفیئر فورم نے موجودہ سرکار اور انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ بدھا کنہ کی عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔فورم چیئرمین ایڈووکیٹ استخار علی خان نے تھنہ منڈی کے بدھا کنہ علاقہ کا دورہ کیاجس دوران ان کے ہمراہ محمد منظور، محمد ا شتیاق، محمد تاج، چوہدری عبدالغنی، نثار احمد قریشی، رشید خان وغیرہ بھی تھے ۔اس موقعہ پر استخار خان نے کہاکہ بدھاکنہ میں بجلی، پانی، سڑک، راشن اورطبی سہولیات فراہم نہیں اور اس علاقے کو دیکھ کر اندازہ ہوتاہے کہ حکومت کے دعوے کس قدر سچ ہیں۔انہوںنے کہاکہ لوگوںکی فلاح و بہبود کے نام پر ہر سال کروڑوں روپے آتے ہیں مگر اس علاقے کی عوام کی قسمت تبدیل نہیں ہوئی ۔ان کاکہناتھاکہ لوگوںکو حق اطلاع قانون کا استعمال کرتے ہوئے فنڈز سے متعلق معلومات حاصل کرنی چاہئیں ۔انہوںنے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس علاقے کے عوامی مسائل حل کئے جائیں ۔