بجلی بلوں میں اضافہ کیخلاف سنگھ پورہ کی عوام سراپا احتجاج

عاصف بٹ

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ سنگھ پورہ کی عوام نے محکمہ بجلی کے خلاف بجلی بلوں میںاضافے کو لیکر احتجاج کیا۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر ضرورت سے زیادہ بلیں بھیجنے کا الزام عایدکیا۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ اپنی من مرضی سے بلیں بھیجتا ہے ۔روشن لال نامی صارف نے کہا کہ بجلی کا بلب جلانے پر تین سوروپے کی بل بھیجی جاتی ہے، ایسے میں غریب عوام جائے تو جائے کہاں۔ دیگر لوگوں نے بھی ضرورت سے زیادہ بجلی بل بھیجنے کا الزام عاید کیاہے۔ بجلی کی کٹوتی اس قدرزیادہ ہے کہ دن میں محض چند گھنٹے ہی بجلی کا دیدار نصیب ہوتاہے جبکہ بیشتر اوقات بجلی گل رہتی ہے جس کی وجہ سے بچوں و طلباء کو سخت مشکلات پیش آتی ہیں۔علاقے کے دیگر لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوںنے ہزاروں روپے خرچ کرکے میٹر لائے تاہم انہیں میٹر کے مطابق بجلی بل فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔انہوںنے بجلی محکمہ و انتظامیہ سے اپیل کی کہ میٹر کے مطابق بلیں دی جائیںتاکہ غریب عوام کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔اگرچہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے اس بارے میں بات کی گئی تو انھوں نے کہا کہ صرف ایک ہی ملازم پورے علاقے میں تعینات ہے جسکے لیے یہ سبب ناممکن کام ہے۔