بانہال //سرکاری سکولوں کے بجائے پرائیویٹ سکولوں میں بچوں کے داخلے اور ڈراپ آئوٹ بچوں کو دوبارہ تعلیم دلوانے کیلئے محکمہ تعلیم صوبہ جموں کی طرف سے سرکاری سکولوں میں بچوں کے اندارج کی مہم کا آغاز صوبہ جموں کے ضلع رام بن کے تعلیمی رون بانہال سے شروع کیا گیا اور اس میں بھاری تعداد میں متعلقین نے شرکت کرکے مثبت رحجان کوفروغ دیا۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر روی شنکر شرما اور چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن ونود کول کی ہدایات پر ایجوکیشن زون بانہال کے دور دراز علاقہ نیل میں سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے راغب کیا جائے اور کسی بھی وجہ سے سکول چھوڑنے والوں کو واپس سرکاری سکول لایا جائے ۔ اس موقع پر زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال عبدالرشید گیری کے علاوہ چیف ایجوکیشن دفتر رام بن سے ائے نمائندوں کے علاوہ مقامی معززین ، والدین ، پنچ سرپنچ اور بچوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی اور موقع پر ہی سکول چھوڑنے والی تین بچیوں کے دوبارہ داخلے اور نیل کے مختلف سرکاری سکولوں میں 27نئے داخلوں کے مثبت نوٹ کے ساتھ پہلی دن چلائی گئی کامیاب مہم اپنے اختتام کو پہنچی ۔ صوبہ جموں کے ضلع رام بن میں اس مہم کا آغاز تعلیمی زون بانہال کے دور دراز علاقے نیل سے زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال عبدالرشید گیری کی قیادت میں ہوا اوراندراج مہم کا پروگرام گورنمنٹ گرلز اپر پرائمری سکول نیل سے شروع کیا گیا ۔ اس موقع پر مقررین نے سرکاری سکولوں میں سرکار کی طرف سے بچوں کیلئے چلائی جارہی سکیموں اور دن کا مفت کھانا، مفت وردی اور بیٹیوں کی پڑھائی کیلئے دی جارہی مراعات تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں چلائی جارہی ان سکیموں کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں لانا ہے تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دوسری سہولیات سے فیضیاب ہوسکیں اور والدین پر بھی بچوں کی پڑھائی کے بوجھ کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں والدین سے کہا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو آدھے راستے ہی پڑھائی چھڑوانے کے طرز عمل کو فوری طور پر ترک کریں اور جتنا ممکن ہو سکے بیٹیوں اور بیٹوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں اور اس کیلئے سرکاری سکول آپکے بچوں کے داخلے کے منتظر رہینگے۔ مقامی لوگوں، والدین ، معززین، اور پنچ و سرپنچ نمائندگان نے محکمہ تعلیم کی طرف سے شروع کی گئی اس جانکاری مہم کی سراہنا کی اور محکمہ تعلیم سے اپیل کی کہ وہ ان سکیموں کو چلانے کے ساتھ ساتھ وادی چناب کے علاقوں میں بگڑے نظام تعلیم کو راہ راست پر لانے کے ٹھوس اقدامات کریں اور سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی اسامیوں اور سکولی عمارتوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ والدین نے کہا کہ اس پروگرام کے توسط سے انہیں محکمہ تعلیم اور سرکاری سکولوں میں رائج نظام تعلیم اور سرکاری سکیموں کے بارے میں ڈھیر ساری معلومات ملی ہیں جو بچوں اور والدین کو سرکاری سکولوں کی طرف راغب کرنے کیلئے مشعل راہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس مہم کے دوران سکول چھوڑنے والی تین لڑکیوں کا دوبارہ داخلہ کرایا گیا جبکہ اس مہم کے پہلے ہی نیل علاقے کے مختلف سکولوں میں 27 نئے بچوں کے داخلے کرایے گئے۔۔ اس موقع پر کچھ اساتذہ تنظمیوں کے نمائندوں نے بھی اپنے آفسران اور والدین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ زمینی سطح پر محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری کئے گئے احکامات اور سکیموں کو من و عن عملائیں گے اور تن دہی سے اپنے فرض منصبی کو ادا کرتے رہیں گے ۔