بانڈی پورہ //بانڈی پورہ بازار میں دوقصابوں سمیت 6 دکاندار کووِڈ- 19مثبت پائے گئے جبکہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے شروع کی گئی ٹیکہ کاری مہم کے تحت منگلوار کوضلع میں 2000افراد کو کوروناٹیکہ لگایا گیا۔بانڈی پورہ کے ضلع صدر مقام کے مرکزی بازار میں عوامی جگہوں پر’’رینڈم ٹیسٹنگ‘‘کے دوران دوقصابوں سمیت چھ دکاندارکوروناوائرس میں مبتلاء پائے گئے اور ضلع انتظامیہ نے فوری اقدام کرکے ان دکانوں کو سیل کردیا ۔ اس سے قبل جان محلہ کلوسہ میں ایک شخص کووِڈ- 19سے فوت ہواتھااور پانچ افراد مثبت پائے گئے تھے،جس کے جان محلہ کلوسہ کو مائیکروکنٹینمنٹ زون قراردیا گیا۔ اس دوران ضلع کمشنر کی ہدایت پرتحصیلدار بانڈی پورہ اورنائب تحصیلدار کی نگرانی میں قصبے میں ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن کی مہم جاری ہے۔ادھر منگلوار کوضلع میں 2000 افراد کو کووِڈ سے بچائو کا ٹیکہ لگایا گیا جبکہ گزشتہ دوہفتوں کے دوران ضلع میں 25000افراد کو یہ ویکسین دیاگیا،جن میں مذہبی رہنما،امام ،قائدین اورپنتالیس سال کی عمر سے زیادہ کے لوگ شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر اویس احمدنے کہا کہ ویکسین لگانے کے کیمپ عوامی مقامات کے علاوہ منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ اوربانڈی پورہ بازار میں قائم کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ 2ہفتوںکے دوران سخت اقدامات کرنے کے مثبت ثمرات نکل رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لگوار رہے ہیں۔ ڈاکٹر اویس احمد نے کہاکہ زیادہ پہنچ کو یقینی بنانے کیلئے غیر سرکاری رضاکار تنظیموں، مذہبی رہنمائوں، صحافیوں، پی آر آئی ممبران کا ویکسیشن عمل میں تعاون حاصل کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ ائمہ، دینی سربراہ، ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد، تاجر اور دیگر ممتاز شہریوں کو ویکسن دیا گیا تاکہ لوگوں کے ذہنوں سے غلط فہمی دور ہوسکے۔ڈاکٹر اویس احمد نے سول سوسائٹی ممبران، مذہبی رہنما اور صحافیوں کا جانکاری پیدا کرنے کیلئے ان کی سراہنا کی۔