مینڈھر //مینڈھر کی سرحدی تحصیل بالا کو ٹ میں لفٹ سکیم بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو پانی کی شدید قلت کا سامناکرنا پڑرہا ہے ۔سرحدی علاقہ کی عوام نے بتایا کہ بالا کوٹ لفٹ سکیم گزشتہ کئی عرصہ سے ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہے جبکہ شدید گرمی کے دوران بھی ان کو استعمال کیلئے پانی قدرتی چشموں سے کئی کلو میٹر کی مسافت طے کرنے کے بعدلاناپڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتے جبکہ محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ آفیسر بھی ملازمین کو متحرک کرنے میں ابھی تک پوری طرح سے ناکام ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2ماہ سے ملازمین موٹر کی خرابی کا بہانہ بنا رہے ہیں لیکن ابھی تک نہ تو موٹر ٹھیک کروائی گئی ہے اور نہ ہی عوام کو پانی سپلائی کرنے کیلئے کوئی متبادل راستہ اختیار کیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کے ٹینکوں کی حالت بھی انتہائی غیر معیاری ہوچکی ہے جبکہ سکیم کو فعال بنانے کیلئے محکمہ بھی متحرک نہیں ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہابالاکوٹ لفٹ سکیم کی مرمت کر کے جلدازجلد عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے ۔