پونچھ//پونچھ کے صدر مقام قلعہ مارکٹ اور صدر بازار میں جگہ جگہ ناجائز تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی آمدو رفت متاثر ہورہی ہے اور لوگوں کو چلنے کاراستہ تک نہیں ملتا۔ اگر چہ میونسپل کونسل کی جانب سے بار بار ناجائز تجاوزات ہٹائی جا تی ہیں مگر کچھ ہی گھنٹوں بعد پھر سے یہ پھر سے کھڑی کرلی جاتی ہیں اورچھوٹے کاروباری تجاوز کر کے بازار سے گزرنے والے پیدل راہگیروں اور گاڑی والوں کے لئے مسائل کھڑے کررہے ہیں۔پونچھ یوتھ کے ضلع صدر نیشو گپتا نے کہا کہ ناجائز تجاوزات اور اس جانب متعلقہ حکام کی مسلسل عدم توجہی لوگوں کیلئے شدید پریشانی بنی ہوئی ہے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے فوری سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قلعہ بازار، صدر بازار اور ہاتھی تھان بازار تجاوزات کا مرکز بن چکے ہیں اورسڑک سکڑ کر گلی بن گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے اورپیدل چلنا تک مشکل ہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ بازاروں میں سینکڑوں ریڑھیوں کا قبضہ ہے جن کے خلاف انتظامیہ کوئی کارروائی نہیں کررہی ۔ ان کاکہناہے کہ ا ن ریڑھیوں کیلئے جگہ مختص کی جائے تاکہ اس سے جڑے افراد کا روز گار بھی نہ چھنے اور لوگوں کو چلنے راستہ بھی ملے ۔ان کاکہناہے کہ کچھ دکانداروں کی طرف سے بھی تجاوزات کی جارہی ہیں اور وہ اپنا سامان دکان کے اندر رکھنے کے بجائے باہر سڑک پر رکھ لیتے ہیں جس پر کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔