بارہمولہ//مرکزی وزیر( آیوش) سروانند سونووال نے جمعہ کو کہا کہ بارہمولہ میں 336 کشمیری پنڈت مہاجر خاندانوں کی رہائش کیلئے40 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک’ ٹرانزٹ کیمپ‘ تعمیر کیا جائے گا۔ ٹرانزٹ کیمپ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ، نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے مرکزی وزیربرائے آیوش، بندرگاہ، جہاز رانی وآبی گزرگاہ سربانند سونووال نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت کی طرف سے کشمیری پنڈت مہاجر خاندانوں کیلئے کیا گیا ایک بہت اہم قدم ہے جو واپس کشمیر میں امن سے رہنا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مہاجرکشمیری پنڈتوں کی بحالی کیلئے بارہمولہ میں40 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ٹرانزٹ کیمپ بنایا جائے گا،جس میں کل336مہاجر خاندانوں کو یہاں رہائش دی جائے گی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کشمیر کے لوگ یہ بھی چاہتے ہیں کہ کشمیری پنڈت واپس آئیں تاکہ وہ پرامن طور پر ساتھ رہ سکیں۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ لوگوں کی خواہشات کے مطابق ٹرانزٹ کیمپ تعمیرکیاجا رہا ہے۔