عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے کل سرینگر کے تاریخی پرانے شہر میں واقع بادام واری ( المڈ الکوو) میں بادام وئیر بلومز کے عنوان سے بادام بلاسم فیسٹیول 2026 کا افتتاح کیا جس سے کشمیر میں بہار کے آنے کا اعلان ہوا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بادام بلاسم فیسٹیول کشمیر کی فطرت سے ابدی وابستگی اور اس کی متحرک ثقافتی روایات کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ بادام واری ہمیشہ سے سرینگر کی وراثت کا ایک محبوب حصہ رہی ہے ۔ بادام کے پھولوں کا کھلنا نہ صرف بہار کے آنے کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ تجدید ، امید اور ثقافتی چمک دھمک کی روح کو بھی ظاہر کرتا ہے جو کشمیر کی پہچان ہے ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے تہوار تاریخی مقامات کو زندہ کرنے میں مدد دیتے ہیں ، سیاحت کو فروغ دیتے ہیں اور مقامی دستکاری کرنے والوں اور فنکاروں کیلئے معاشی مواقع پیدا کرتے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ بادام بلاسم فیسٹیول جیسے ایونٹس کشمیر کے بہار کے موسم کی شان و شوکت ، ثقافتی ورثہ ، روائتی دستکاریوں اور فنکارانہ صلاحیتوں کو پیش کرنے کا ایک شاندار پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں ۔
یہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور ہماری وراثت کے تحفظ میں کمیونٹی کی شرکت کو بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔ ‘‘ اس موقع پر وزیر جاوید احمد ڈار اور ستیش شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے ذڈی بل تنویر صادق ، کمشنر سیکرٹری فلوریکلچر ، ڈائریکٹر فلوریکلچر ، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اور دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے بادام واری کے بادام کے گھیرے ( almond alcove ) کا دورہ کیا اور پرجوش زائرین کی درخواست پر خوشی سے ان کے ساتھ سیلفیز بنوائیں جس سے تاریخی باغ میں زندہ دل اور تہوار کی فضا مزید پروان چڑھی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر بھر کے باغات کیلئے آن لائن ٹکٹنگ پورٹل ( ای ٹکٹنگ سسٹم ) کا بھی افتتاح کیا جس کا مقصد ٹکٹنگ کے عمل کو آسان بنانا اور زائرین کی سہولت کو بہتر کرنا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے بادام واری میں لگائی گئی نمائش کا بھی معائنہ کیا جہاں ترقی پسند کسانوں ، پھول فروشوں اور دستکاری کرنے والوں نے اپنی پیداوار اور دستکاری کی اشیاء کی نمائش کی تھی ۔