لکھنؤ//بابری مسجد انہدام کیس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو سینئر لیڈروں کے بیانات رواں ہفتے سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں درج کیے جائیں گے ۔سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی 24 جولائی کو جبکہ سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی 23 جولائی کو بابری مسجد انہدام کیس کی سماعت کرنے والی سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے سامنے اپنا بیان درج کرائیں گے ۔دونوں رہنما ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دہلی سے خصوصی سی بی آئی عدالت میں پیش ہوں گے اور اپنے بیانات ریکارڈ کرائیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ 92 سالہ ایل کے اڈوانی ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 313 کے تحت جج کے سامنے اپنا بیان درج کرائیں گے ۔ خصوصی سی بی آئی عدالت کے جج ایس کے یادو نے اس معاملے میں دونوں لیڈروں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لئے تاریخ طے کردی ہے ۔بابری مسجد انہدام کے ملزمان میں سے ایک ملزم رام چندر کھتری بھی منگل کے روز سوی پت جیل سے اپنا بیان ریکارڈ کرائے گا۔ فی الحال، وہ سونی پت جیل میں بند ہے ۔مجموعی طور پر بابری مسجد انہدام کیس کے 32 ملزمان میں سے بیشتر نے اپنے بیانات قلمبند کروائے ہیں۔ اب تک بی جے پی کے مذکورہ سیاسی لیڈروں سمیت صرف 6 افراد بچ گئے ہیں۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے خصوصی سی بی آئي عدالت سے 18 اپریل تک اس مقدمے کی سماعت مکمل کرنے کے لیے کہا تھا ، لیکن لاک ڈاؤن کے سبب جج نے ڈیڈ لائن میں توسیع کرنے کی درخواست کی تھی۔