ایک سال سے34 سو اسامیوں کا حتمی لسٹ اجرا کرنے میں ناکامی سروسز سلیکشن بورڈ جموں دفتر میں کلاس فورتھ اْمیدواروں کا احتجاج، لسٹ منظر عا م پر لانے کا مطالبہ

نیوز ڈیسک

جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سروسز سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی) دفتر کے اندر کلاس فورتھ اْمیدواروں نے احتجاجی مظاہرئے کئے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک سال سے بورڈ 34 سو اسامیوں کا حتمی لسٹ منظر عام پر لانے میں ناکام ثابت ہو گیا ہے۔انہوں نے بورڈ کے کام کاج پر بھی سوالات اْٹھاتے ہوئے کہاکہ سروسز سلیکشن بورڈ نوجوانوں کی اْمیدوں پر کھرا اْترنے میں ناکام ثابت ہو گیا ہے۔ تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق جمعرات کے روز سروسز سلیکشن بورڈ جموں میں اْمیدواروں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی دھرنا دیا۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اْٹھا رکھتے تھے جن پر سروسز سلیکشن بورڈ ہائے ہائے کے نعرے درج تھے۔

 

رمن شرما نامی ایک اْمیدوار نے بتایا کہ سال 2020میں درجہ چہارم کی زائد از آٹھ ہزار اسامیوں کو پْر کرنے کی خاطر بور ڈ نے اْمیدواروں سے درخواستیں طلب کیں۔انہوں نے بتایا کہ تحریری امتحان کے باوجود بھی بورڈ باقی مانندہ 34 سو اسامیوں کا لسٹ منظر عام پر نہیں لارہا ہے۔اْن کے مطابق اْمیدوار ہر روز سروسز سلیکشن بورڈ کے دفتر پر آتے ہیں اْنہیں یقین دہانی کرائی جاتی ہیں کہ ایک ہفتے کے اندرا ندر لسٹ کو منظر عام پر لایا جائے گالیکن ایک سال بیت گیا ایس ایس آر بی وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنا سکا۔انہوں نے مزید کہاکہ سروسز سلیکشن بورڈ کی اعتباریت پر ہی سوالات اْٹھ رہے ہیں لہذا حکومت کو اس معاملے میں فوری مداخلت کرنی چاہئے۔ اْمیدواروں نے ایس ایس آر بی چیئرمین کے کمرے کے باہر کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا جس کے بعد پولیس ٹیم بھی جائے موقع پرپہنچی اور امید واروں کو پرامن طور یہ کہہ کر منتشر ہونے پر قائل کردیا کہ معاملہ حکام کی نوٹس میں لایاگیا ہے اور بہت جلد فہرست منظر عام پر لائی جائے گی۔