پونچھ// نیشنل ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بینر تلے پونچھ میں ملازمین کا احتجاج آٹھویں روز بھی جاری رہا ۔ اس دوران سراپااحتجاج ملازمین نے اپنے مطالبات پورئے نہ کئے جانے کو لیکر احتجاجی دھرنا دیا اور نعرے بازی کی اس دوران ملازمین نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا پتلا جلا کر اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقعہ پراین ایچ ایم ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ تب تک کام چھوڑ ہڑتال ختم نہیںکریں گے جب تک حکومت انکو مستقلی کی یقین دہانی نہیں کرائی جائے گی۔ این ایچ ایم ملازمین کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میںتنخواہوں کی کمی اور مالی بدحالی کی وجہ سے ہم گونا گوں مشکلات کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازموں کو حوصلہ دینے کے بجائے موجودہ مخلوط سرکار ان کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے۔ ملازمین نے جموں میں مظاہرین پر کئے گئے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جارحانہ رویہ اختیار کر کے ان کی مانگوں کو دبا نہیں سکتی۔ ملازمین نے بتایا کہ مارچ میں وزیر صحت کی یقین دہانیوں اور این ایچ ایم ملازمین اور دیگر مرکزی معاونت والی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی کیلئے پالیسی مرتب دی جائے گی اور اس کیلئے مارچ 2017میں کمیٹی بھی تشکیل دی گئی مگر کمیٹی کی رپوٹوں کو ابتک منظور نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار این ایچ ایم ملازمین کی ہڑتال کو نظر انداز کررہی ہے کیونکہ ابتک حکومت کی جانب سے کسی نے بھی ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار این ایچ ایم اور دیگر مرکزی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازموں کو مستقل کرنے کیلئے صرف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہی ہے اور ملازمین تب تک ہڑتال ختم نہیں کریں گے جب تک نہ ریاستی سرکار انہیں تحریری طور پراس بات کی یقین دہانی کرائے کہ انہیں بہت جلد مستقل کیا جائے گا۔پونچھ ضلع ہسپتال میں پچھلے آٹھ روز سے لگاتار کام چھوڑ ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ملازمین نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالابت پورے نہ کئے گئے تو وہ لوگ اپنی ہڑتال میں مزید شدت لائیں گے۔احتجاج کے دوران ضلع صدر اعجاز احمد،جنرل سکریٹری روہت شرما، ریاضت علی، تعریف احمد،عنایت حسین، ڈاکٹر بیبوشن کمار،ڈاکٹرعمران،ڈاکٹرسلیم جہانگیر، ڈاکٹر امت کور، اکٹرمنوج بالی،ڈ اکٹرسونیر مسری،ڈ اکٹرعلی محمد،ڈ اکٹر شوکت احمد اور ڈاکٹڑ عابد حسین نے خطاب کیا۔