ایشیا کپ 2023 بی سی سی آئی 28مئی کو حتمی فیصلہ لے سکتا ہے

ممبئی//ایشیا کپ 2023کے لئے ‘ہائبرڈ ایونٹ کی قیاس آرائیوں کے درمیان ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا کہ وہ اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کے فائنل کے موقع پر اس ٹورنامنٹ پر حتمی فیصلہ کر سکتا ہے ۔ جمعرات کو’ کرک بز‘ کی طرف سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی پی ایل فائنل کے لیے سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی)، افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدور کو مدعو کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی تمام ایشین بورڈز کے اجلاس کے بعد ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے اعلان کر سکتا ہے ۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین جے شاہ نے کہا’’بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا کرکٹ بورڈز کے متعلقہ صدور 28 مئی کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل 2023 کے فائنل میں شرکت کریں گے ۔ ہم ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے ان کے ساتھ بات چیت کریں گے ‘‘۔خیال ر ہے کہ 50اوور کے فارمیٹ میں ہونے والے ایشیا کپ 2023 کی میزبانی اصل میں پاکستان کے ہاتھ میں تھی لیکن بی سی سی آئی نے اس ٹورنامنٹ کے لیے پڑوسی ملک کا دورہ کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے ‘ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا، جس کے تحت ہندوستان اپنے تمام میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گا، جب کہ باقی پاکستان میں کھیلے جائیں گے ۔شاہ کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کرنے کے بعد نجم سیٹھی نے ایک نیا ماڈل متعارف کرایا جس کے تحت ایشیا کپ کے چار میچز پاکستان میں جبکہ باقی یو اے ای میں ہونے تھے ۔کرک بز کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران پردے کے پیچھے ہونے والی بات چیت کے بعد اے سی سی کے اراکین اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں۔ اب یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ ایشیا کپ کا دوسرا مقام متحدہ عرب امارات ہو گا یا سری لنکا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ایک عہدیدار آئی پی ایل کے دوران بی سی سی آئی سے امارات میں کھیلنے کی درخواست کرنے ہندوستان آئے تھے لیکن بی سی سی آئی کے سیکریٹری شاہ دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں ٹورنامنٹ کھیلنے کے حق میں نہیں تھے ۔