یواین آئی
لاہور/پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد کہا ہے کہ ہوم سیریز میں ہر ٹیم اپنی حکمت عملی اور پچز تیار کرتی ہے ، پاکستان نے بھی کامیابی حاصل کرنے کیلئے یہی راستہ اختیار کیا۔ لاہور میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی تھی۔پاکستان نے 158 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں حاصل کرلیا تھا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ابھی 14 سے 15 ماہ باقی ہیں، اس لیے اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیریز کے دوران وکٹیں مشکل تھیں اور ان پر رنز بنانا آسان نہیں تھا، تاہم ٹیم نے حالات کے مطابق بہترین کھیل پیش کیا۔کپتان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع فراہم کرنے کی غرض سے ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں۔انہوں نے شاداب خان کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان پر سوالات اٹھائے گئے ، لیکن انہوں نے نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کی اور ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ دو فاسٹ بولرز کے امتزاج میں حارث رؤف بہتر انتخاب ثابت ہوئے ، جبکہ سینئر کھلاڑی بھی اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے انہیں مناسب وقت اور اعتماد دیا جانا چاہیے ۔