جموں//چیف سیکرٹری بی بی وِیاس کی صدارت میں سٹیٹ لیول سنکشننگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پردھان منتری کرشی سنیچائی یوجنا کے تحت سال 2018-19 کیلئے سالانہ ایکشن پلان کو منظوری دی گئی۔پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کے چودھری، پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار ، پرنسپل سیکرٹری بجلی ہردیش کمار سنگھ، سیکرٹری زراعت شوکت احمد بیگ، سیکرٹری آر ڈی ڈی شیتل نندا،سیکرٹری فلوری کلچر طلعت پرویز ، سیکرٹری پی ایچ ای ایم راجو کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے جبکہ کشمیر صوبے کے تعلق رکھنے والے مختلف محکموں کے افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران پی ایم کے ایس وائی کے مختلف مدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ کمانڈ ائیریا محکمہ کے کئی اہم پروجیکٹوں کے لئے نبارڈ کے ذریعے سے رقومات فراہم کئے جائیں گے ۔ ان ترجیحاتی پروجیکٹوں میں ترال لفٹ،پرکاچک کھون کنال اور راج پورہ لفٹ اری گیشن سکیم شامل ہیں۔چیف سیکرٹری نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اے آئی بی پی کے چھوٹے بڑے مدوں کے تحت ہاتھ میں لئے جانے والے کنالوں کی ایک فہرست تیار کریں ۔انہوںنے نئے پروجیکٹوں کے ڈی پی آر تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔اس دوران بتایاگیا کہ ریاست میں پی ایم کے ایس وائی کے واٹر شیڈ ترقیاتی مد کے تحت 159سکیمیں عملائی جارہی ہیں ۔چیف سیکرٹری نے مکمل کئے گئے کاموں کے تصرفی اسناد مرکز کو جلد از جلد بھیجنے کی ہدایت دی تاکہ رواں مالی سال کے لئے رقومات کی پہلی قسط کی بروقت واگزاری کو یقینی بنایا جاسکے ۔