عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ریاسی میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے اپنے فیلڈ عملے کو جارحانہ ایریا ڈومینیشن، لانگ رینج پٹرولنگ اور کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ یہ احکامات سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ریاسی پرم ویر سنگھ نے مہور سب ڈویژن کے دور افتادہ دیول پولیس پوسٹ کے آپریشنل جائزہ دورے کے دوران جاری کئے۔پولیس کے مطابق ایس ایس پی ریاسی نے ایڈیشنل ایس پی افتخار احمد اور ایس ڈی پی او مہور پرئول بھاردواج کے ہمراہ دیول کے دورے میں زمینی سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے پولیس پوسٹ دیول پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کی اور وہاں موجود ڈھانچے کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایس ایس پی نے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر ضروری آلات کی دستیابی اور حالت کا باریک بینی سے معائنہ کیا تاکہ علاقے میں آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے مشکل جغرافیائی حالات اور حساس ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ یونٹس کو فریکوئنٹ ماک ڈرلز، لانگ رینج پٹرولنگ اور باقاعدہ سرچ آپریشنز کرنے کی ہدایات دیں۔پولیس کے مطابق ایس ایس پی نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف سیکورٹی الرٹنس میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت اور موثر جواب دینے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے اوور گراؤنڈ ورکرز (OGWs) پر سخت نگرانی رکھنے، عوامی رابطہ مضبوط کرنے اور موسم کی تبدیلی کے ساتھ جاری نقل و حرکت پر گہری نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ایس ایس پی ریاسی نے علاقے کے معزز شہریوں، مذہبی شخصیات، طلبہ اور دیگر مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ پولیس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔