بانہال // ایس ایس پی رام بن پی ڈی نتیا نے پیر کے روز بانہال کا دورہ کیا اور پولیس سٹیشن بانہال میں وومن ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا اور غریب مگر ہنر مند اور مستحق خواتین میں پچاس سلائی کی مشینیں بھی مفت تقسیم کیں جس میں محکمہ سماجی بہبود نے پولیس کا تعاون کیا تھا۔ اس موقع پر ایس ایم ہی پی ڈی نتیا نے کہا کہ بانہال پولیس سٹیشن میں خواتین ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا مقصد خواتین کو بلاجھجک اپنی بات پولیس تک پہنچاناہے کیونکہ خواتین سے متعلقہ کیسوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی بات مرد پولیس اہلکاروں کے سامنے کہنے سے جھجکتی ہیں اور وومن ہیلپ ڈیسک سے متاثرہ خواتین کو مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے نامزد کی گئی پچاس غریب اور مستحق خواتین کو سلائی کی مشینیں مفت تقسیم کی گئیں تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہمیشہ سے ہی عوام کے تعاون کیلئے کھڑی ہے اور پولیس اور عوام کے درمیان دوستانہ ماحول کو مزید وسعت دی جارہی ہے۔