منڈی// رہبر تعلیم ٹیچرز فورم پونچھ کا منڈی میں ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت ضلع صدر حمید نباض نے کی ۔اس موقعہ پراساتذہ نے وزیر تعلیم سید الطاف بخاری کے حالیہ اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ کو ایس آراو 43کے دائرہ میں لانے کیلئے وہ وزیرموصوف کے شکر گزار ہیں ۔حمید نباض نے کہا کہ وزیر موصوف نے فورم کی دیرینہ مانگ کو پورا کرتے ہوئے آر ای ٹی اساتذہ کو ایس آراو 43 کے زمرہ میں لانے کا حکم جاری کیاہے اورامید ہے کہ سبھی اساتذہ کو اس کا فائدہ ملے گااوران اساتذہ کے لواحقین بھی مستفید ہوںگے جوسال 2000 سے لیکر اس وقت تک موت کی آغوش میں چلے گئے ۔نباض نے وزیر تعلیم سے گزارش کی زیڈ آر پی و سی آر پی کی نشستوں پر لگے رہبر تعلیم اساتذہ ، ایس ایس اے اساتذہ کی رکی پڑی تنخواہیں، ایریئر، ٹرانسفر پالیسی2014 میں پروموٹ کئے ہوئے اساتذہ میں سے مولانا آزاد یونیورسٹی کے اساتذہ کی ایڈجسٹمنٹ اور نامکمل بنیادی ڈھانچے کے مطالبات بھی پورے کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ تمام سکولوں میں مکمل سٹاف تعینات کیاجائے تاکہ طلباءکو بہتر تعلیم میسر ہوسکے ۔سینئر لیڈر اسحق خیال نے کہا کہ واقعی وزیر تعلیم کا یہ اقدام قابل ستائش ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ محکمہ تعلیم کو چار چاند لگادیںگے ۔اس موقعہ پرعلی راٹھور،معشوق خان، فاروق منگرال، مظفر احمد پیر، طارق تانترے ،فاروق احمد، عبدالمجید ،ارشاد احمد، اسلم شیخ وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔