واشنگٹن//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں شہریوں کے پرامن مظاہرے دراصل تہران کی کرپٹ سیاسی پالیسیوں سے اظہار نفرت ہیں۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ متعدد اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی شہریوں نے پرامن احتجاج کا سلسلہ اس وقت شروع کیا جب وہ حکومت کی کرپشن سے تنگ آ گئے اور انھوں نے دیکھا کہ ملکی وسائل اور دولت دوسرے ملکوں میں دہشت گردی کی فنڈنگ کے لئے استعمال ہو رہی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے اظہار رائے کے حق سمیت دوسرے حقوق کا احترام کرے۔ اپنے ٹویٹ کے اختتام میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا ایران میں ہونے والے مظاہروں کو دیکھ رہی ہے۔درایں اثناءامریکی حکومت نے ایران میں مہنگائی، بے روزگاری غربت کو ختم کرنے میں حکومت کی ناکام پالیسیوں کے خلاف شروع ہونے والی عوامی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں پرامن احتجاج کو کچلنے کے لیے ریاستی تشدد کا استعمال ناقابل قبول ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن ایران میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پرامن احتجاج ایرانی عوام کا حق ہے اور امریکا ان کے احتجاج کی حمایت کرتا ہے۔