کشتواڑ//سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ سگری کے حجام محلہ میں غریب خاندان گزشتہ20برسوں سے 2کچے کمروں میں زندگی گزارنے پر مجبو رہے لیکن مذکورہ کنبہ کی مدد کیلئے نہ ہی ڈی ڈی سی ممبر نہ کوئی افسر آگے آیا۔عبدالمجید ولد احمد حجام اپنی معزور والدہ و گونگھی جوان بہن کے ساتھ اس ٹوٹے مٹی کے گھر میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔عبدالمجید کی بزرگ والدہ نے مایوسی کے عالم میںبتایا کہ جب بھی بارش ہوتی ہے توسارا پانی چھت سے نیچے گرجاتا ہے اور انھیں اس کاڈررہتا ہے کہ کہیں چھت گرنہ جائے ۔مٹی کے بنے دو چھوٹے کمرے و ان پر لکڑی و مٹی کی ٹوٹی چھت جبکہ باہر مٹی کے بنے چولہے سے انکی مجبوری میں گزر رہی زندگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ مجید کی بہن سکینہ بانو نے بتایاکہ بارش کے وقت وہ کمرے سے باہر بیٹھے رہتے ہیں،اگر انتظامیہ انھیں آواس یوجنا کے تحت مکان فراہم کرتی تو انکی مشکل آسان ہوجاتی۔انھوں نے بتایا کہ سیاست دان صرف ووٹ مانگنے کے وقت انکے پاس آتے ہیں لیکن اسکے بعد انکا حال پوچھنے کوئی نہیں آتا۔عبدلمجید نے بتایا کہ اس سے قبل بھی انھوں نے انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی تھی جسکے بعد ایس ڈی ایم چھاترو نے انھیں پنشن واگزار کی تھی اور گزشتہ سات ماہ سے انھیں پنشن مل رہی ہے جس سے وہ گھر کا خرچہ چلارہے ہیں جبکہ وہ انتظامیہ سے آواس یوجنا کے تحت مکان فراہم کرنے کی مانگ کررہے ہیں۔ انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرسے اپیل کی کہ وہ انکی مدد کریں۔ضلع ترقیاتی کونسل کی وائس چیئرپرسن کا تعلق بھی اسی علاقے سے ہے۔جب ہم نے ان سے فون پر رابطہ کرنا چاہا تو ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔