سرینگر//گورنمنٹ ڈگری کالج پانپور نے جموں و کشمیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اشتراک سے کالج میں زیر تعلیم طالب علموں کیلئے ایک روزہ ٹریننگ اور آزمائشی مشق کا اہتمام کیا جس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیما ناز کی سربراہی میں کالج کے اساتذہ اور عملہ نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ عامر علی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈاکٹر عرفان خورشید شاہ کوآرڈی نیٹر اور سربراہ جغرافیہ اور ماحولیاتی سائنس نے اس تقریب کا ایک جائزہ پیش کیا اور قدرتی آفات سماوی کے دوران تباہی کے خطرے کو کم کرنے میں تیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر عامر علی نے خطاب کرتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سائیکل کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات کی اور خطرات کو کم کرنے اور حادثات کے انتظام میں عملی تربیت کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو زندگیاں بچانے کی مہارت کو بروئے کار لانے کے دوران جان بچانے اور حادثات کی روک تھام کے لئے تربیت حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے تیزرفتار تیرنے والے آلات بنانے کے آسان طریقوں کی بھی وضاحت کی ، جن کا سیلاب کے دوران موثر طریقے سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر اعزاز احمدنے عملی تربیت فراہم کرتے ہوئے یہ ظاہر کیا کہ ہنگامی حالات کو کس طرح سنبھالنا چاہئے۔اس تربیت میں فرسٹ ایڈ ، کارڈیو پلمونری ریسسیٹیٹیشن (سی پی آر) کے بارے میں عملی طور پر تربیت فراہم کی گئی، دم گھٹنے سے متاثرہ افراد کا انتظام ، خون بہہ جانے کے دوران پٹیاں ٹھیک کرنے کا طریقہ اور آگ بجھانے کے دوران کی جانے والی امداد شامل ہیں۔