سمت بھارگو
راجوری//شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرمانے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کرشنا گھاٹی (کے جی) اور بھمبر گلی (بی جی) سیکٹرز کا دورہ کر کے وہاں تعینات فوجی جوانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور انسداد دراندازی کے نظام (اینٹی انفِلٹریشن گرڈ) کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران آرمی کمانڈر نے ایل او سی پر تعینات فوج کے جوانوں کی بہادری، حوصلے اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم ملک کی سرحدوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی فوجی جوانوں کی ثابت قدمی قابلِ ستائش ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے فوجی جوانوں سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے اور ہر وقت تیار رہنے کی تلقین کی تاکہ کسی بھی چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے سیکورٹی حالات کے پیش نظر جدید حربی مہارتیں اور ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا اور ’ایس آف اسپیڈز‘ ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل کوشک مکھرجی بھی موجود تھے۔ فیلڈ کمانڈرز اور دیگر افسران نے آرمی کمانڈر کو موجودہ سیکورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔آرمی کمانڈر نے انسداد دراندازی گرڈ کا جائزہ لیتے ہوئے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سرحدی علاقوں میں چوکسی برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا بھی معائنہ کیا اور ہر سطح پر مستعدی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔پرتیک شرمانے اس بات کو دہرایا کہ شمالی کمان ملک کی سب سے اہم عسکری کمانز میں سے ایک ہے اور اس کی ذمہ داری سرحدی علاقوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور دشمن کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔دورے کے اختتام پر آرمی کمانڈر نے جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے اور فوجی جوانوں کی قربانیاں ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں۔