چنئی // جنوبی افریقہ کے آل راونڈر کرس مورس کو راجستھان رائلس نے جمعرات کو آئی پی ایل نیلامی میں جیسے ہی 16.25 کروڑ روپئے کی حیرت انگیز قیمت پر خریدا اس کے ساتھ ہی وہ آئی پی ایل نیلامی کی تاریخ میں سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ۔ آسٹریلیا کے آل راونڈر گلین میکسویل کو رائل چیلنجرس بنگلور نے 14.25 کروڑ روپئے اور آسٹریلیا کے تیزگیندباز جائے رچرڈسن کو پنجاب کنگس نے 14 کروڑ روپئے میں خریدا۔ مورس نے ہندوستان کے یووراج سنگھ کا ریکارڈ توڑا ، جنہیں دہلی ڈیئر ڈیولس(اب دہلی کیپِٹلس ) نے 2015 کی نیلامی میں 16 کروڑ میں خریدا تھا۔ مورس آئی پی ایل میں دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔وراٹ کو آئی پی ایل کے ایک سیزن کے لئے رائل چیلنجرس بنگلور فرنچائیزی 17 کروڑ روپئے دیتی ہے ۔ راجستھان کی ٹیم نے مورس کو خریدنے کے لئے اس وقت دوڑ میں چھلانگ لگائی جن ان کی قیمت 10.25 کروڑ روپئے پہنچ چکی تھی اور ممبئی انڈین مورس کو خریدنے کے قریب تھی لیکن پنجاب نے پھر 13.50 کروڑ کی بولی لگائی اور بولی 16 کروڑ پہنچنے کے بعد پنجاب نے اپنے ہاتھ کھینچ لئے ۔مورس کا بیس پرائس 75 لاکھ روپے تھا۔ راجستھان نے اپنے 34.85 کروڑ روپئے کے پرس میں سے 16.25 کروڑ مورس کو خریدنے پر خرچ کردئے ۔ نیلامی میں ، بنگلور کی ٹیم نے آسٹریلیائی آل راؤنڈر گلین میکسویل کو 14.25 کروڑ میں خریدا ، لیکن اس کے فوراً بعد ہی راجستھان رائلس نے موریس کو 16.25 کروڑ میں خریدا۔ 33 سالہ مورس 2015 کے سیزن میں راجستھان ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے 11 میچوں میں 311 رنز بنانے کے علاوہ 13 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ انہوں نے 70 آئی پی ایل میچوں میں 157.88 کے اسٹرائک ریٹ سے 551 رنز بنائے ہیں اور 7.81 کی اکانومی ریٹ سے 80 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وہ گذشتہ سیزن میں بنگلور ٹیم کا حصہ تھے ، لیکن وہ پیٹ میں چوٹ کی وجہ سے 9 میچ ہی کھیل سکے تھے جن میں انہوں نے 11 وکٹیں حاصل کیں۔