احمدآباد// بایو ببل میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر آئی پی ایل رد کئے جانے کے بعد کافی ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ کچھ لوگ جہاں ہندوستان میں آئی پی ایل کے انعقاد پر سوال اٹھا رہے ہیں تو کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل رد کرنے کا فیصلہ اس کی قدر کو کم کر دے گا ، لیکن اس بیچ پہلے سیزن سے آئی پی ایل کے ساتھ جڑے ہوئے پنجاب کنگس کے کوآنر نیس واڑیا نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ آئی پی ایل جیسے برانڈ ٹورنامنٹ کے لئے کوئی جھٹکا نہیں ہے ۔ اسے رد کرنے کا فیصلہ صحیح ہے اور مجھے یقین ہے کہ بی سی سی آئی اس ٹورنامنٹ کاپھر سے انعقاد کرے گا۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی طرف سے سبھی فرنچائیزیوں کے افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان میں سے بیشتر افسران کا خیال تھا کہ اسے پوری طرح رد کیا جائے ۔ واڑیا نے اس بات پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا، بی سی سی آئی نے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کیا ہے ۔ ایسا اس لئے کیونکہ منگل کی صبح تک اس فیصلے کی ضرورت نہیں تھی اس لئے میں اسے صحیح وقت پر ایک صحیح فیصلہ سمجھتا ہوں۔ گزشتہ دو تین ہفتوں میں کورونا وائرس کے معاملوں میں بھاری اضافہ ہوا ہے جس سے شروعات میں بنائے گئے منصوبے کو بدلنا پڑا ہے ۔فرنچائیزی کے مالک کی حیثیت سے واڑیا ٹورنامنٹ رد ہونے کی وجہ سے مالی نقصان اٹھانے کے لئے تیار ہیں۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر واڑیا نے سب سے پہلے کورونا وبا پر توجہ دینا پسند کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے کھلاڑیوں کی حفاظت پر غور کیا گیا ہے یہ ابھی سب سے اہم ہے ۔