سرینگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے اتوار کو سرینگر بین الاقوامی ائر پورٹ کا دورہ کیا اور وہاں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سرینگر میں حالیہ حملے کے تناظر میں آئی جی پی نے ائرپورٹ پر سیکورٹی کے جامع گرڈ کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ ائرپورٹ کی سلامتی اور تحفظ کیلئے مختلف قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل رکھے۔ افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے وجے کمار نے زور دیا کہ وہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کو ٹالنے کیلئے باہمی ہم آہنگی کو یقینی بنائے۔اس موقعہ پر ائر پورٹ کے ڈراپ گیٹ اور ٹرمنل کے اندر مسافروں کے دبائو کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی،تاکہ انکی نقل و حرکت آسان ہوجائے۔اس بات کا بھی فیصلہ لیا گیا کہ ائرپورٹ احاطے کے اندر مسافروں کی سہولیات کیلئے ایک پولیس چوکی بھی قائم کی جائے گی۔آئی جی پی کشمیر کے ہمراہ ڈائریکٹر ائرپورٹ،ڈی آئی جی وسطی کشمیر،ریجنل ڈائریکٹر بی سی اے ایس، ایس ایس پی بڈگام اور سی آر پی ایم،سی آئی ایس ایف کے کمانڈنگ افسراں بھی تھے۔انہیں اس موقعہ پر ائرپورٹ کی سلامتی کیلئے اٹھائے گئے حفاظتی اقدمات کی جانکاری بھی دی گئی۔