عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں و کشمیر میں سیریکلچر (ریشم کی صنعت) کے فروغ اور کسانوں کو بااختیار بنانے کیلیے ایک اہم پیش رفت کے تحت، ڈائریکٹر سیریکلچر جے اینڈ کے، اعجاز احمد بٹ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس ڈائریکٹوریٹ آف سیریکلچر ڈیولپمنٹ، جموں کے کیمپ آفس میں منعقد ہوا، جس میں 8فروری 2025کو اْدھم پور میں منعقد ہونے والے ریشم کسان میلہ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔یہ کسان میلہ سلک کیڑے پالنے والے کسانوں کے لیے جدید سائنسی معلومات، تربیتی سیشنز اور جدید ترین تکنیکی مہارتوں تک رسائی فراہم کرنے کا ایک منفرد موقع ہوگا۔ اس پروگرام میں نمائشیں، براہ راست مظاہرے، اور انٹرایکٹو سٹالز لگائے جائیں گے، جہاں شرکاء کو مرکزی ریشم بورڈ اور محکمہ سیریکلچر کے ماہرین سے براہ راست رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔اجلاس کے دوران، ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ نے اس میلہ کو کامیاب بنانے کیلیے جامع منصوبہ بندی اور موثر ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ لاجسٹکس، تکنیکی سیشنز اور کسانوں کی مشاورت کے حوالے سے ہر ممکن انتظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اس سے مستفید ہو سکیں۔میلہ کی ایک خاص بات جدید ریشم کیڑے پالنے کی تکنیکوں اور پائیدار سیریکلچر طریقوں پر ماہرین کے تربیتی سیشنز ہوں گے۔ اس موقع پر ترقی پسند سیریکلچر کسانوں کو ان کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔