سرینگر//کووِڈ ۔19کے معاملات میں تیزی سے اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے امرناتھ شرائین بورڈ نے یاترا کے لئے رجسٹریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ لیاہے۔ یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ حکومت نے انفکشن کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لئے رات کے کرفیو ، دکان کھولنے میں 5فیصد کمی ، پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافروں پر 50فیصد پابندی، سکولوں اور کالجوں کو بند ش وغیرہ بڑے پیمانے پر احتیاطی اِقدامات اُٹھائے ہیں۔ملک اور یونین ٹریٹری میں یکساں صورتحال پر غور کرتے ہوئے امرنا تھ یاترا۔ 2021 کے لئے رجسٹریشن کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔بتایا گیا کہ صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جارہی ہے ۔بورڈ نے یکم اپریل کو اندراجات کا آغاز کیا تھا اور یکم فروری 2021 ء سے یاتری کے اَحسن انعقاد کے لئے انتظامات کئے جارہے تھے ۔آن لائن رجسٹریشن کا عمل یکم اپریل سے بھارت بھر میں 446 نامزد بینک برانچوں کے ذریعے شروع ہوا تھا۔ ہمالیائی گھپا پر جانے والی 56 روزہ یاترا جموں و کشمیر کے پہلگام اور بالہ تل راستوں سے 28 جون کو شروع ہونے والی ہے اور 22 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو افسر امرناتھ شرائن بورڈ ، انوپ کمار سونی نے کہا کہ اب تک مجموعی طور پر 30ہزار یاتریوں نے داخلے کے لئے اپنا اندراج کرایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب صورتحال بہتر ہوگی ، عوام کے مفادات میں فیصلہ اسی کے مطابق کیا جائے گا۔