نئی دہلی// (یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ ٹوکیو اولمپک دستے میں کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں جن کی زندگی بہت متاثرکرتی ہے ۔مسٹر نریندر مودی نے آل انڈیا ریڈیو پر نشرہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ میں کہاکہ ‘‘ساتھیو!، جب صلاحیت، لگن، عزم اورکھلاڑیوں کے جذبات ایک ساتھ ملتے ہیں، تب جاکر کوئی چیپمئن بنتا ہے ۔ ہمارے ملک میں توبیشتر کھلاڑی چھوٹے چھوٹے شہروں، قصبات اورقریوں سے نکل کرآتے ہیں۔ ٹوکیو جانے والے ہمارے اولمپک دستے میں بھی کئی ایسے کھلاڑی شامل ہیں، جن کی زندگی بہت متاثر کرتی ہے ۔ ہمارے پروین جادھو کے بارے میں آپ سنیں گے تو، آپ کو بھی لگے گا کہ کتنی سخت جدوجہد سے گزرتے ہوئے پروین یہاں پہنچے ہیں۔ پروین جادھو، مہاراشٹر کے ضلع ستارا کے ایک گاوں کے رہنے والے ہیں۔ وہ تیراندازی کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ ان کے والدین مزدوری کرکے خاندان چلاتے ہیں، اور اب ان کا بیٹا، اپنا پہلا اولمپک کھیلنے ٹوکیو جارہا ہے ۔ یہ صرف ان کے والدین ہی نہیں، ہم تمام کے لئے کتنے فخر کی بات ہے ۔ایسے ہی ایک اورکھلاڑی ہیں، ہماری نہیاگوئل۔ نیہا ٹوکیو جارہی خاتون ہاکی ٹیم کی رکن ہیں۔ ان کی ماں اوربہنیں، سائیکل کی فیکٹری میں کام کرکے خاندان کے اخراجات برداشت کرتی ہیں۔ نیہا کی طرح ہی دیپکا کماری کی زندگی کا سفربھی اتارچڑھاو بھرارہا ہے ۔ دیپکا کے والد آٹو رکشہ چلاتے ہیں اوران کی ماں نرس ہیں اور اب دیکھیے ، دیپکا، اب ٹوکیو اولمپک میں ہندوستان کی جانب سے واحد خاتون تیرانداز ہیں۔