سرینگر //وادی کے 6اضلاع میں مہاجر پرندوں اور کوئوں میں برڈ فلو کی تصدیق کے بعد اودھمپور میں گھریلو پرندوں بشمول پولٹری میں برڈ فلو کے 2کیس مثبت آئے ہیں،جبکہ پونچھ کے منڈی علاقے میں ایک مردہ کوے کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔ لکھن پورہ سے جموں وکشمیر میں درآمد ہونے والی پولٹری کا جائزہ لیا جارہا ہے۔چیف وائلڈ لایف وارڈن جموں وکشمیر ایس کے گپتا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کچھ روز قبل اودھمپور کے ڈنٹوال سے ایک مردہ مرغ اور ’پی کاک‘ pea-cock کے نمونے جانچ کیلئے بھیجے گئے تھے اور ان میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے منڈی علاقے سے بھی کچھ کوئوں کے نمونے جانچ کیلئے لیبارٹری بھیجے گئے تھے اور وہاں بھی ایک کوئوے میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے اور اس طرح پورے خطہ میں 3کیس مثبت آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اودھمپور میں100 کوے مردہ پائے گئے تھے تاہم ان میں برڈ فلو کی تصدیق نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں محکمہ جنگلی حیات ،پشوپالن محکمہ کے ساتھ رابطے میں ہے اور ٹیموں کو بھی متحرک کیا گیا ہے اور جہاں کہیں سے بھی ہمیں پرندوں اور مرغوں کے مرنے کی اطلاع ملتی ہے تو وہاں پہنچ کر ان کے نمونے حاصل کئے جارہے ہیں۔ ادھر ضلع انتظامیہ کٹھوعہ نے متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا ہے تاکہ گھریلو پرندوں کی نگرانی رکھی جا سکے ۔انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق جموں وکشمیر میں داخل ہونے والے کسی بھی پرندے اور مرغ میں اگر کوئی انفیکشن پایا جاتا ہے ،تو انہیں روک دیا جائے گا، انہیں یہاں آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ لکھن پور میں بھی چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔معلوم رہے کہ مرکزی حکومت کے وزات ماہی گیری اور اینمل ہسبنڈی نے جموں وکشمیر سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں گھریلو مرغیوں میں انفلوئنزا (H5N8) کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد جموں وکشمیر کی حکومت نے بھی اقدامات اٹھانے شروع کر دئے ہیں ۔ادھر وادی کشمیر میں ابھی تک 6اضلاع میں کوئوں اور مہاجر پرندوں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے، ان اضلاع میںکولگام ، اننت ناگ، پلوامہ ،سرینگر, بڈگام اور بارہمولہ شامل ہیں تاہم کشمیر میں مرغوں اور دیگر پولٹری میں ایسی کوئی بھی شکایت نہیں ہے۔محکمہ انیمل ہسبنڈی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں جہاں کہیں سے بھی ایسی شکایات محصول ہوتی ہیں اس کے بعد وہاں سے نمونے حاصل کئے جاتے ہیں ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کریلا، ہریانہ، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹریہ ، چھتیس گڑھ ، اُتراکھنڈ، گجرات ، اُترپردیش ، ہماچل پردیش اور جموں کشمیر میں برڈ فلو کے کیس سامنے آئے ہیں ۔ پولٹری کے علاوہ کچھ پرندوں میں بھی فلو پایا گیا ہے جن میں کوے اور ماجر پرندے بھی شامل ہیں جن میں یہ فلو پایا گیا ہے ۔