سرینگر//مرکزی الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے نوٹیفکیشن جاری کی ہے جس کے تحت 21مارچ نامزدگی کے کاغذات بھرنے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جبکہ 24مارچ تک امیدوار اپنا نام واپس لے سکتے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 22مارچ کو ہوگی جبکہ نام واپس لینے کی تاریخ 24مارچ کو مقرر کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق 9اپریل کو سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے ووٹ ڈالے جائینگے جبکہ ووٹوں کی گنتی 16اپریل کو ہوگی ۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک رائے دہند گان اپنے ووٹ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء پی ڈی پی نے سرینگر اور اسلام آباد(اننت ناگ) پارلیمانی نشستوں کیلئے دونوں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے وسطی کشمیر کیلئے نذیر احمد خان اور جنوبی کشمیر کیلئے تصدق مفتی کو بطور امیدوار نامزد کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی والی حکمران جماعت پی ڈی پی کے سیاسی امورات کی کمیٹی کی ایک میٹنگ محبوبہ مفتی کی صدارت میں منگل کو منعقد ہوئی جس میں دونوں نشستوں کیلئے امیدواروں کو اتفاق رائے سے نامزد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں سیاسی امورات کمیٹی کے تمام مستقل ممبران اور خصوصی مدعوین نے شرکت کی جس کے بعد سرینگر پارلیمانی حلقہ سے نذیر احمدخان اور اننت ناگ پارلیمانی نشست کیلئے تصدق مفتی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔تصدق مفتی سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کے فرزند ہیں، جنہوں نے اپنے والد کی وفات کے بعد پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے معروف سیماٹو گرافر رہے ہیں۔ نذیر احمد خان ریاست کے سابق وزیر سرفراز احمد خان کے فرزند ہیں اور انہوں نے حال میں کانگریس سے مستعفی ہوکر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔