سرینگر// انتظامیہ میں پھیر بدل کرتے ہوئے صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنراتل ڈلو کو تبدیل کرکے محکمہ خزانہ کا قلمدان سونپا گیا جبکہ ریحانہ بتول کو کمشنر سیکریٹری کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق سینئر بیوروکریٹ اور فائنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکریٹری)صحت و طبی تعلیم اتل ڈلو کو تبدیل کرکے فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) محکمہ خزانہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ چیف سیکریٹری ارن کمار مہتہ کو اس اضافی چارج سے فارغ کیا گیا۔ آرڈر کے مطابق وویک بھاردواج کو فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) محکمہ صحت و طبی تعلیم تعینات کیا گیا ہے۔ بدھ کو جاری ایک اور حکم نامہ میں عوامی شکایات کی سیکریٹری ریحانہ بتول کو اس محکمے میںکمشنر سیکریٹری کا عہدہ دیا گیا ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے بدھ کو جاری ایک اور حکم نامہ میں کہا گیا کہ محکمہ خزانہ سے4افسران کو چیف سیکریٹری و محکمہ عمومی انتظامی میں تعینات کیا گیا۔ ان افسراں میں جموں کشمیر سیکریٹریٹ میں تعینات پرائیوٹ سیکریٹری لطیف احمد ، وجاہت طاہر اور گلزار احمد میر کو چیف سیکریٹری کے دفتر میں تعینات کیا گیا ہے،جبکہ طارق احمد کو محکمہ عمومی انتظامی میں تبدیل کیا گیا۔آرڈر میں کہا گیا کہ تمام افسراں یہ تصور کریں کہ انہیں موجودہ جگہ سے فارغ کیا گیا ہے۔