نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں گلیشیر پگھلنے سے سیلاب کے حالات پیدا ہونے کے پیش نظر وزیر اعلی تریویندر سنگھ راوت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ امیت شاہ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی چار ٹیمیں دہرادون سے جوشی مٹھ روانہ کریں۔ ہمالیائی سرحد کی حفاظت پر مامور ہند- تبت سرحدی پولس کو بھی جوشی مٹھ کے ارد گرد علاقے میں امدادی کاموں میں شامل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔امدادی سرگرمیوں پر کابینہ کے سکریٹری راجیو گوبا کی میٹنگ ہونے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ اتراکھنڈ میں ضلع چمولی کے رینی گاؤں میں گلیشیر کی زد میں آنے سے کم از کم 50 افراد کے ہلاک یا لاپتہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔