پہلگام سڑک حادثے میں زخمی بچہ چل بسا،نالہ رمبی آرہ شوپیان میں نونہال غرق
سری نگر//سڑک کے دوحادثوں میں ایک کمسن بچہ ہلاک اور دوزخمی ہوگئے جبکہ غرقابی کے ایک اور حادثے میں ایک نونہال فوت ہوا۔ پارمپورہ میں ایک آٹورکھشاکے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر اُلٹ جانے سے ڈرائیور اور ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے۔ سرینگر کے مضافات پارمپورہ میں شاہراہ پر سنیچر کی صبح ایک آٹو رکھشازیر رجسٹریشن نمبر JK01AB-5178 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہو گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں آٹو رکشا ڈرائیور اور شاہراہ پر ڈیوٹی انجام دے رہاایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور ایس ایم ایچ اسپتال سرینگر پہنچایا گیا جہاں دونوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔زخمی ہونے والے سی آر پی ایف اہلکار کی شناخت اشوک کمار جبکہ آٹو رکشا ڈرائیور کی شناخت محمد مقبول پرے کے طور پر ہوئی ہے۔ادھر پہلگام سڑک حادثے میں زخمی ہونے والابمنہ کا کمسن لڑکا اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا جبکہ شوپیان میں بکروالوں کا بچہ نالہ رمبی آرہ میں ڈوب کرہلاک ہوگیا۔ شوپیان کے شرمال علاقے میں اعلیٰ صبح ایک کمسن بچہ نالہ رمبی آرہ میں ڈوب گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں خانہ بدوش قبائلیوں نے رمبی آرہ کے نزدیک عارضی ڈیرہ جما لیا تھا اور ہفتہ کی صبح معصوم بچہ ٹینٹ سے رینگتے ہوئے باہر آکر رمبی آرہ نالے میں ڈوب گیا۔ اگرچہ اہل خانہ نے بچے کو بچانے کی بھر پور کوشش کی تاہم وہ ڈوب چکا تھا اور جونہی بچے کو نالے سے باہر نکال کر فوری طور اسپتال پہنچایا گیالیکن ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دے دیا۔بچے کی شناخت عاقب ولد محمد یعقوب کے طور پر ہوئی ہے۔ ادھر پہلگام سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا سرینگر کا کمسن بچہ اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ چار سالہ بچہ حسین علی ولد تصدق علی ساکنہ بمنہ سرینگر اس وقت جمعہ کو زخمی ہو گیا تھا جب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے اُ س کو زور دار ٹکر ماری تھی ۔ زخمی ہونے کے بعد بچے کو علاج و معالجہ کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کر دیا گیا تھا تاہم کچھ ہی گھنٹوں کے بعد وہ زندگی کی جنگ ہار کر فوت ہو گیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔