یو این آئی
میڈرڈ /اسپین کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار ،دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر ٹوکارلوس الکاراز کی دائیں کلائی کی انجری کے باعث رواں سال کے دوسرے بڑے گرینڈ سلیم ایونٹ فرنچ اوپن میں ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ہونے والے طبی معائنے فیصلہ کن ہوں گے کہ وہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکیں گے یا نہیں فٹنس سے مشروط ہوگا۔ میڈرڈ میں رواں ماہ لوریئس ایوارڈز کی تقریب کے دوران ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے اپنی دائیں ہاتھ کی کلائی کو پٹی سے باندھ رکھا تھا۔ انہوں نے جاری میڈرڈ اوپن سے بھی دستبرداری اختیار کی ہے ۔
کارلوس الکاراز نے ہسپانوی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلا طبی ٹیسٹ انتہائی اہم ہوگا، ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ یہ بہتر نتائج دے ۔ ہم صبر کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔ چند دنوں میں مزید ٹیسٹ ہوں گے جن کے بعد انجری اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ ہوگا۔مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود کارلوس الکاراز نے بارسلونا ٹورنامنٹ سے بھی انجری کے باعث واپسی اختیار کی تھی، جہاں میچ کے دوران کلائی کے علاج کے بعد انہیں ابتدائی راؤنڈ میں کامیابی ملی تھی، تاہم بعد ازاں وہ مقابلے سے باہر ہو گئے تھے ۔فرنچ اوپن کے بعد ان کا اگلا ممکنہ ایونٹ اٹالین اوپن ہے ، جسے انہوں نے گزشتہ سال جیتا تھا۔22 سالہ ہسپانوی کھلاڑی نے کہا کہ وہ صورتحال کے باوجود مثبت رہنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم انجری کے باعث حالیہ دن ان کے لیے کافی مشکل گزر رہے ہیں۔