مینڈھر//سرحدی علاقہ بالاکوٹ کے لوگوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ مقامی سطح پر ایک ڈگری کالج قائم کیاجائے ۔ان کاکہناہے کہ بالاکوٹ تحصیل دور دراز علاقوں پر مشتمل ہے اور سرحد پر قائم ہے اس لئے یہاں کالج ہونا بہت ضروری ہے تاکہ طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے مینڈھر یا دوسرے علاقوں میں نہ جاناپڑے ۔ نمبردار فیض اکبر، ماسٹر عنائت اللہ خان، گل صید خان، شادم خان،فاضل خان اورمجید خان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالاکوٹ تحصیل میں پڑھائی کاکوئی بندوبست نہیں اور ایک ہائر سکنڈری سکول ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ سرکار سے اپیل کرتے ہیں کہ بالاکوٹ میں ایک ڈگری کالج دیا جائے تاکہ ان کے بچے اور بچیاں آسانی سے تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ یہ تحصیل سرحدپرواقع ہے اور حد متارکہ پر کشیدگی کے دوران ان کے بچوں کی تعلیم پر برااثر پڑتاہے کیونکہ ایسے حالات میں سکول بند ہوتے ہیں اور ماں باپ بچوں کو گھروں سے باہر نہیں جانے دیتے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے بچے راجوری ، مینڈھر اور پونچھ جا کر تعلیم حاصل نہیں کر سکتے کیونکہ سرحدی علاقہ میں ہر شخص غریب ہے اور بچوں کی تعلیم کا خرچہ برداشت نہیں کر سکتا اس لئے انہیں یہیں پر تعلیم حاصل کرنے کی سہولت دی جانی چاہئے ۔ان کاکہناہے کہ طالبات کو بارہویں کے بعد تعلیم کو ترک کردیناپڑتاہے کیونکہ وہ اتنے دور جاکر تعلیم حاصل نہیں کرسکتی ۔ انہوںنے کہاکہ اس جدید دور میں جب تعلیم کو بہت زیادہ اہمیت دی جارہی ہے ، بالاکوٹ کے طلباء کو بھی اس کے حصول کا موقعہ فراہم کیاجائے اور یہاں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایاجائے ۔