اونتی پورہ//اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ میں بدھ کو16واں یوم تاسیس منایا گیا،جس دوران یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں ایک عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا جس میں سابق وائس چانسلروں اورکئی طالب علموںنے بھی شرکت کی ۔انہوں نے یونیورسٹی کی ابتدا سے آج تک کے سفر پر مفصل روشنی ڈالی ۔پروگرام کے دوران طالب علموں نے مختلف کلچرل پروگرام پیش کئے ۔اس موقع پر تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشومہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ اس تقریب کو منانے کا مقصد یونیورسٹی کی کامیابی پر مل کرخوشی منانا ہے جنہوں نے الگ الگ اوقات کے دوران یہاں کام کیا۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر نصیر اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامک یونیورسٹی نے گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران جس طرح ترقی کی ہے وہ اس بات کی عکاس ہے کہ یونیورسٹی کا مستقبل تابناک ہو گا۔انہوں نے بتایاکہ اس دانشگاہ نے تیزی کے ساتھ ترقی اور منازل طے کئے جس کا خواب ہم سب نے دیکھا ہے ۔انہوں نے یہاں18شعبہ جات کے علاوہ ریسرچ مراکز قائم کئے۔رجسٹرار نے بتایا ’’ہمارے طلباء بیرون ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیںاور ایک بڑی تعداد ملک سے باہر معروف اداروں میں نوکری بھی کر رہی ہے‘‘۔ انہوںنے کہا کہ اب NAAC ٹیم یونیورسٹی کا دورہ کر رہی ہے اورامید ہے کہ یو نیورسٹی ایک اچھا مقام حاصل کر ے گی ۔