ڈوڈہ// اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین ڈوڈہ عبدالرشید نے ضلع کے سرکاری راشن اسٹور کا دورہ کرکے راشن کے ذخیرے کا جائزہ لیا اور متعلقہ ملازمین اور اہلکاران کو ہدایت کی کہ وہ راشن کو بہتر طریقے سے ذخیرہ رکھیں اور اس کی صحیح دیکھ بھال کریں تاکہ صارفین میں خراب راشن تقسیم نہ ہو اور نہ ہی سرکاری رقومات کو نقصان ہو اے۔ڈی خوراک ڈوڈہ نے میڈیا کو بتایا کہ عوام کو بہتر معیاری راشن فراہم کرنا محکمہ کی اولیّن ترجیح ہے اور ہماری طرف سے تمام تحصیل سیلز آفیسر کو سخت ہدایت دی جا چکی ہے کہ صارفین کی طرف سے راشن کی قلّت و خراب راشن کی شکایت موصول نہ ہونی چاہیے اْنہوں نے تمام راشن ڈیلران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت پر سرکاری راشن سٹور ڈوڈہ سے راشن اپنے اپنے راشن سنٹروں میں لے کر ذخیرہ کر لیں تاکہ صارفین کو راشن کی قلّت سے دوچار نہ ہونا پڑے ۔ اے ڈی خوراک نے مزید بتایا کہ میڈیا کے ذریعے ہمیں ڈوڈہ میں خراب راشن و راشن کارڈ کی عدم دستیابی کی خبر موصول ہوئی ہے لیکن جہاں تک راشن کا سوال ہے تمام جگہوں پر صاف راشن فراہم کیا گیا ہے اگر کہیں بھی خراب راشن صارفین میں تقسیم ہوا ہے وہ فوری طور راشن ڈیلر کو واپس کریں اور راشن ڈیلر بھی خراب راشن کو اپنے پاس نہ رکھیں بلکہ گاڑی سے ہی نہ اْتاریں چونکہ یہ عوام کی صحت کا مسئلہ ہے جس پر کسی بھی طور سمجھوتہ نہ ہو گا اس لئے احتیاط برتی جائے۔اے ڈی نے مزید بتایا کہ اْنہوں نے ضلع کے تمام ٹی ایس اوز سے خراب راشن کی جانکاری طلب ہے۔اور راشن خراب ہونے کی صورت میں بلکل بھی صارفین میں تقسیم نہ کرنے کا حکم دیا لیکن سٹور پر معمور ملازمین کا کہنا ہے کہ تاحال ذخیرہ راشن مکمل طور صاف شفاف ہے۔ راشن کارڈ صارفین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں البتہ نو ہزار کے قریب راشن کارڈ کی کاپیاں تیار نہ ہوئی ہیں جن کو بھی جلد صارفین کے حوالے کر دیا جائے گا۔