سرینگر//شیر کشمیر پارک سرینگر میں مُخنث(Transgender) افراد کیلئے ایک طبی کیمپ منعقد کیاگیا جس میں سماج کے اس طبقہ سے وابستہ افراد کا مفت علاج و معالجہ کیاگیا او مفت ادویات تقسیم کیں۔ اتوار کو ’پلزن فائونڈیشن‘ کے اہتمام سے منعقدہ طبی کیمپ میں 66مخنثوں افراد کا میڈیکل چیک اپ کیاگیا ۔ پلزُن فائونڈیشن کے وائس چیئرمین ساعر احمد بٹ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ 3برسوں کے نامساعد حالات اور خصوصی طور پر عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب جہاں سماج کاہر ایک طبقہ متاثر ہواہے وہی سماج کا یہ مخصوص طبقہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ اس طبقہ کا روزگار شادی بیاہ کی تقریبات کرانے تک محدود ہے لہذا یہ بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پلزن فائونڈیشن نے پہلی بار اس طبقہ کی مدد کیلئے اشیائے خوردنی فراہم کی جس کے دوران انہیں یہ محسوس ہوا کہ یہ طبقہ ذہنی جرّاحت(Mental Trauma)کا شکار ہے اور انہوںنے اس طبقہ کیلئے مفت طبی کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ساعر بٹ نے کہا کہ طبی کیمپ منعقد کرنے کیلئے انہوںنے گزشتہ ایک مہینے سے کوششیں اور 73افراد نے فارم حاصل کئے۔ انہوںنے کہاکہ اتوار کو منعقدہ اپنی نوعیت کے پہلے طبی کیمپ میں66مخنسوں کا علاج و معالجہ کیاگیا اور مفت ادویات فراہم کیں۔ کیمپ میں علاج کرنے والے ڈاکٹرو ں نے کہاکہ دیگر امراض کے علاوہ یہ طبقہ زیادہ طور پر ذہنی جرّاحت میں مبتلا پائے گئے اور مزید علاج ومعالجہ کرنے کیلئے ایک اور طبی کیمپ کرنے کی ضرورت ہے۔ ساعر بٹ نے کہا کہ وہ یہ کام اپنے دوست و احباب کے ساتھ اجتماعی طور پر انجام دے رہے ہیں اور اپنے طور مالی تعاون کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کیمپ میں ایف اے ٹریڈر بٹہ مالو اور مائلڈ سٹون فارماسیوٹیکلز حبہ کدل نے ادویات فراہم کیں جس کیلئے وہ ان کے شکرگذار ہیں۔