عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور// جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)، بھیم سین توتی نے منگل کو کہا کہ ادھم پور ضلع میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ جاری تصادم میں ایک پولیس اہلکار مارا گیا ، جب کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد ملی ٹینٹ گھنے جنگل کی طرف بھاگ گئے ۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی جموں نے کہا کہ پیر کی شام ایک مخصوص اطلاع کے بعد سون مجالٹہ گائوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی۔انہوں نے کہا [ “ان پٹ درست ثابت ہوا اور ایک تصادم اس وقت شروع ہوا جب اسپیشل آپریشنز گروپ کی ایک چھوٹی ٹیم ملی ٹینٹوں کی فائرنگ کی زد میں آگئی۔”
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پونچھ کے پولیس اہلکار امجد علی خان عرف امجد پٹھان ولد بشارت خان ساکن سلوا، مینڈھر ضلع پونچھ کو شدید چوٹیں آئیں۔ آئی جی پی نے کہا، “انہیں طبی علاج کے لیے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا، لیکن بدقسمتی سے خون زیادہ خارج ہونے کی وجہ سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔”آئی جی پی نے مزید کہا کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد ملی ٹینٹ گھنے جنگل کی طرف بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور فوج اور سی آر پی ایف کے تعاون سے مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی خصوصیات اور گھنے جنگلات کے ساتھ علاقہ انتہائی دشوار گزار ہے۔ اصل انٹیلی جنس کے مطابق تین ملی ٹینٹ وہاں چھپے ہوئے تھے جس کی تصدیق بعد میں مقابلے کے دوران ہوئی۔ ان کا سراغ لگانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔یہ مسلح تصادم پیر کی شام دیر گئے 6بجکر 50منٹ پر اس وقت شروع ہوا تھا جب ایس او جی اور پولیس نے ملی ٹینٹوں کی موجودگی پر چھاپہ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔اس تصادم میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور مزید 2زخمی ہوئے۔ پولیس نے منگل کی صبح بتایا تھا کہ ایک ملی ٹینٹ بھی زخمی ہوا۔نگروٹہ میں واقع وائٹ نائٹ کور نے رات کوایکس پر پوسٹ کیا، “ایک انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں، پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ اور ہندوستانی فوج کے الرٹ دستوں نے سون، ادھم پور میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا ہے۔”۔مزید کہا کہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔