اسٹاک ہوم//‘ادب’ کا 2020 کا نوبل انعام امریکی خاتون شاعرہ لوئس گلک کو دیا جائے گا۔ دنیا کا اس سب سے معتبر ایوارڈ سے ادیبوں کو سرفراز کرنیوالی سویڈن کی سویڈش اکیڈمی آف نوبل پرائز نے یہ اعلان کیا ہے ۔کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 77 سالہ لوئس ایلزبتھ گلک کو ان کی بے باک شاعری کے باعث رواں سال کا نوبل انعام دیا جا رہا ہے ۔ اس سال بھی ایک ہی فرد کو ادب کا نوبل انعام دیا جا رہا ہے ، گزشتہ سال بھی ایک ادیب کو نوبل انعام دیا گیا تھا۔نوبل کمیٹی نے لوئس گلک کی ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی شاعری سے انسانی وجود کی خوبصورتی آفاقی محسوس ہوتی ہے اور وہ اظہار کیلئے بے باک الفاظ کا انتخاب کرتی ہیں۔لوئس گلک کو ان کی شاعری اور دیگر ادبی خدمات کے باعث متعدد عالمی ایوارڈز دیے جا چکے ہیں، انہوں نے امریکی حکومتی ایوارڈز سمیت یورپی و امریکی اعلیٰ ادبی ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔لوئس گلک 1943 میں امریکی شہر ریاست نیویارک میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ ریاست میساچوٹس میں گزارا۔لوئس گلک نے انگریزی، جرمن، سویڈش اور ہسپانوی زبان میں بھی کتابیں لکھی ہیں۔ انہوں نے شاعری سمیت ادب کی دیگر صنفوں میں بھی کامیاب طبع آزمائی کی۔ان کی پہلی انگریزی کتاب 1965 میں شائع ہوئی اور مجموعی طور ان کی 20 کے قریب انگریزی کتابیں شائع ہوچکی ہیں، جب کہ ان کی تصانیف کے دیگر زبانوں میں تراجم بھی ہوئے ۔لوئس ایلزبتھ گلک نے سویڈنی، ہسپانوی اور جرمن زبان میں بھی ادب لکھا اور ان کی یورپی زبان کی تحریروں کو بھی بہت پسند کیا جاتا رہا ہے ۔یو این آئی۔