ڈوڈہ// اخیار پور بھلیسہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان سماجی کارکن سجاد احمد وانی طویل علالت کے بعد ہفتے کی صبح انتقال کر گئے۔اْن کی عمر 42 برس تھی۔بعد دوپہر ایک بجے عیدگاہ اخیار پور میں الحاج برھان القادر غنی پوری کی اقتداء میں ہزاروں لوگوں نے اْن کی نمازِ جنازہ ادا کی جس کے بعد نم آنکھوں سے اْنہیں سپرد خاک کیا گیا۔مرحوم بزرگ سماجی کارکن اور جامعہ غنیت العلوم اخیار پور کے ناظمِ تعمیرات الحاج دوست محمد وانی ریٹائرڈ ٹیچر کے فرزند، جامعہ کے ہی ناظم مطبخ جاوید اختر وانی ، اشتیاق احمد وانی اور ارشاد احمد وانی کے برادرِ اصغر تھے۔مرحوم کے پسماندگان میں والدین اور اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان اور دو دختران شامل ہیں۔مرحوم انتہائی نیک سیرت، خوش اخلاق اور ملنسار انسان تھے اور دینی اورسماجی خدمت کا جذبہ اْن میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔مرحوم جامعہ غنی العلوم اخیار پور کے بے لوث خادم تھے اور جامعہ کے علاوہ اخیار پور کی جامع مسجد کے تئیں اْن کی خدمات بھی نا قابلِ فراموش رہی ہیں۔مرحوم علاقہ کے غریب لوگوں، بیواؤں یتیموں اور دیگر ضرورت مندوں کی ہر لحاظ سے مدد کرنا اپنا فریضہ تصور کرتے تھے اور ایسا کر کے اطمینان اور راحت محسوس کرتے تھے۔مرحوم اپنی شگفتہ مزاجی کے لئے بھی مشہور تھے اور ہر چھوٹے بڑے کے ساتھ نہ صرف محبت سے پیش آتے بلکہ اپنی ظرافت اور خوش گفتاری سے اْنہیں محظوظ بھی کیا کرتے تھے ۔ مرحوم نہ صرف ہر حال میں خوش رہنے بلکہ دوسروں کو بھی خوش رکھنے کا ہْنر جانتے تھے اور اپنی خوش گفتاری سے غم زدہ اور پریشان حال لوگوں کو حوصلہ بھی فراہم کیا کرتے تھے۔یہی وجہ ہے کہ علاقہ کے لوگوں کو اْن کے ساتھ بے حد عقیدت تھی اور بچے، بوڑھے اور مردوخواتین اْن کی صحت یابی کے لئے دْعا گو رہتے تھے۔اْن کی موت پر مختلف دینی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی ہے جن میں مہتمم جامعہ غنی العلوم اخیار پور الحاج برھان القادر غنی پوری، جامعہ کے صدر مدرس اور شیخ الحدیث مفتی عبدالطیف بٹ، ہیڈماسٹر جامعہ غنی العلوم عبدالمجید وانی، امیرِ جماعتِ اسلامی تحصیل بھلیسہ مولوی غلام رسول بٹ،سابق ریاستی وزیر اور ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی، ایس ڈی ایم گندو چوہدری دل میر، الحاج گل محمد میر بھرتھی، بی جے پی لیڈر طارق حسین کین، وائس پرنسپل گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول جکیاس اور جامعہ کے ناظم کفاف محمد شفیع بٹ، ریٹائرڈ لیکچرر اور جامعہ کے ناظمِ نشر واشاعت عبدالغنی متو،ناظم تعلیمات الحاج غلام نبی وانی، ناظم ہیٹ اینڈ لائٹ محمد اسلم ملک، سیکریٹری جامع مسجد اخیار پوراسحٰق رشید ،عرفان مجید ملک کے اے ایس ، ھارون نیائک کے اے ایس، محمد رفیع نیائک کے اے ایس، لیاقت علی شیخ سابق سرپنچ تلوگڑہ پنچائت، مسرت حسین نیائک سابق سرپنچ بٹیاس، فیروز دین ملک سابق سرپنچ جکیاس، پرویزاحمد گنائی سابق سرپنچ جکیاس بی، بزرگ شاعر شمس الدین شمس،نیشنل کانفرنس لیڈر الحاج عمر دین نیائک، الحاج عبدالمجید ملک، نثار حسین شیخ تیندلہ، مولوی الطاف حسین خاکی، اختر حسین میر، ذاکر حسین ملک وغیرہ شامل ہیں۔اْنہوں نے دْعا کہ ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔