گول//گول میں گزشتہ روز احتجاج کے بعد آج ڈاک بنگلہ میں ایس ڈی ایم گول پنکج بگوترہ نے تمام محکموں کے ملازمین کی میٹنگ بلائی ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم غیر حاضر محکموں پر سخت آگ بگولہ ہوئے اور موقعہ پر تحصیلدار سے کہا کہ وہ ان محکموں کو وجہ بتائو نوٹس نکالیں کہ وہ میٹنگ میں کیوں نہیں آئے ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم کے علاوہ ایس ڈی پی او گول محمد امین بٹ ، تحصیلدار گول محمد اشرف شیخ کے علاوہ دوسرے محکموں کے ذمہ داران بھی موجود تھے اور معزز شہری و بیو پار منڈل گول و پیس اینڈ ویلفیر سے وابستہ ذمہ دار وں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر بجلی ، پانی ، سڑکوں کی حالت ابتر ، کے علاوہ بہت سارے عوامی مسائل ابھارے گئے ۔ ایس ڈی ایم گول نے اس موقعہ پر بجلی کی بہتری کے لئے چار دن کا وقت مانگا اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں ڈی سی رام بن سے بات کریں گے ۔ اس موقعہ پر لوگوںنے پینے کے پانی کی عدم دستیابی ، سڑکوں کی حالت ابتر ، ہسپتال میں ڈاکٹروں کی قلت جیسے مسائل بھی انتظامیہ کے سامنے رکھے ۔ گول سے کینٹھہ روڈ کی حالت ابتر پر گریف کے اہلکاروں نے اسے فی الحال عارضی طور پر دو دن میں ٹھیک کیا جائے گا جبکہ مارچ2019تک کینٹھ سے گراٹ موڑ تک بلیک ٹاپ پڑے گا اور اسی طرح سے ہر مالی سال کے دوران اس پر آگے کی جانب کام شروع کیا جائے گا ۔ وہیں لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے پیدا شدہ مسائل بھی اس موقعہ پر اجا گر کئے ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے ملازمین کو متنبہ کیا کہ اگر کوئی بھی ملازمین غیر ضروری غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ملازمین ایمانداری کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں ۔ایس ڈی ایم نے تمام لوگوں کی سنی اور یقین دلایا کہ جلد ان مسائل کو دور کیا جائے گا اور بعد میں ایس ڈی ایم نے الگ سے محکموں کے ملازمین سے میٹنگ کی ۔