جموں// جموں وکشمیر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضلع ریاسی کے مہور میں گائے ذبح کرنے کی افواہیں بالکل بے بنیاد ہیں۔ مقامی لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو مستحکم کریں۔ ضلع ریاسی کے بلاک مہور کے ایس ڈی ایم سنتوش سکھدیو نے بتایا’’سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ مہور کے جمسلان علاقے میں ایک گائے ذبح کی گئی ۔ جیسے ہی معاملہ ہماری نوٹس میں آیا، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی موقع پر پہنچی‘‘۔انہوں نے کہا’’ پولیس پارٹی نے موقع پر کچھ سامان ضبط کیااور پولیس پارٹی کے مطابق وہ گائے نہیں بھینس تھی جس کی عمر پندرہ سے بیس سال کے درمیان ہوگی‘‘۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ مقامی انتظامیہ نے دونوں فرقوں کے معزز لوگوں سے میٹنگ کی جس دوران انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ معاملے کو بڑھنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا’’ہم نے دونوں فرقوں سے بات کی اور حقائق بھی سامنے رکھے کہ یہ گائے نہیں بھینس تھی بلکہ ان کو ثبوت بھی دکھائے گئے۔ دونوں طبقے مطمئن ہوگئے ہیں۔ لوگوں نے ہم سے وعدہ کیا کہ وہ معاملے کو بڑھنے نہیں دیں گے‘‘۔ ایس ڈی ایم نے کہا’’میرا مہور کے لوگوں سے گذارش ہے کہ وہ اس بے بنیاد افواہ کو نہ پھیلائیںاور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بنائے رکھیں۔ ملوثین کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی'۔