جموں //بلدیاتی انتخابات میں شاندار فتح حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر نے کہا کہ اس سے +44مشن کی تکمیل کے لئے راہ ہموار ہو گئی ہے ۔ یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رویندر رینا نے کہا کہ وادی میں ملی کامیابی کافی حوصلہ افزاء ہے ، ایک وقت تھا جب کشمیر میں پارٹی کا جھنڈا اٹھانے کے لئے کوئی نہیں ملتا تھا آج پوری وادی میں 106نشستیں اپنے دم پر جیتی ہیں جب کہ مزید کئی امیدوار بی جے پی کی حمایت سے فتحیاب ہو ئے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے واضح ہو گیا ہے کہ جموں ، کشمیر اور لداخ کے عوام بی جے پی کے پروگرام اور پالیسیوں کی تائید کرتے ہیں۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی سے ہوگا۔رینا نے کہا کہ 2014 کی اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو50ہزار ووٹ ملے تھے جب کہ اس وقت پارٹی سے جڑے افراد کی تعداد3.5لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سرینگر میونسپل کارپوریشن میں کنگ میکر بن کر ابھری ہے اور مئیر کی انتخاب میں اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جموں خطہ میں 25جب کہ وادی کی 8میونسپل کمیٹیوں پر بی جے پی کا قبضہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ’جب جموں وکشمیر کے اندر اسمبلی کے انتخابات ہوں گے تو بی جے پی 50 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرکے اپنی سرکار بنائے گی اور ریاست میں بی جے پی کا وزیر اعلیٰ ہوگا‘۔ یہ پوچھے جانے پر کہ وزیر اعلیٰ کشمیر یا جموں سے ہوگا، بی جے پی ریاستی صدر کا کہنا تھا ’جب بی جے پی پچاس سے زیادہ سیٹیں جیتے گی تو وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہی ہوگا۔ جہاں سے آپ چاہتے ہیں، وہیں سے ہوگا‘۔بی جے پی ریاستی صدر نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور اس کو اس سے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا ’جموں وکشمیر بھارت دیش کا ایک اٹوٹ انگ ہے۔ جموں وکشمیر بھارت ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت جموں وکشمیر کو بھارت سے الگ نہیں کرسکتی‘۔