تہران //ایران کے رہبراعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے نئے منتخب صدر ابراہیم رئیسی کی صدارت کی باضابطہ توثیق کر دی۔ ابراہیم رئیسی نے ایران کے نئے صدر کے عہدے کا حکم نامہ وصول کرلیا ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ابراہیم رئیسی کو حکم نامہ ارسال کیا۔ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری 5 اگست کو ہوگی ۔نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے درخواست ہے کہ نئی حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ساٹھ سالہ ابراہیم رئیسی ایران کے اعلیٰ ترین جج ہیں اور وہ امریکی پابندیوں کی زد میں ہیں، انہیں 2019 میں جوڈیشری کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔بھارت نے ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے ۔بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 7 جولائی کو تہران میں نو منتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی تھی۔ وہ ان سے ملاقات کرنے والے سب سے پہلے غیر ملکی عہدے دار تھے۔