جموں//انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ اسکیم (آئی سی ڈی ایس) کے تحت کام کرنے والے ملازمین یا آنگن واڑی ملازمین کے ساتھ بدترین امتیازی سلوک کے لئے جموں و کشمیر حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے رہنما گگن پرتاپ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت ان ملازمین پر لاٹھیاں برسا رہی ہے بجائے اس کے کہ ان ملازمین کی تنخواہوں کو رلیز کیا جائے اور جموں و کشمیر کی ایل جی انتظامیہ اور بی جے پی دونوں ہی ان ستائے ہوئے ملازمین کی حالت زار کے تئیں بے حس ہو چکے ہیں۔جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے ریاستی ترجمان گگن پرتاپ نے کہا کہ آئی سی ڈی ایس ملازمین بشمول آنگن واڑی کارکنان گاؤں کی سطح پر قائم کی گئی حکومت کی ایک بنیادی اکائی ہیں اور آئی سی ڈی ایس مراکز چلانے کے ساتھ ساتھ متعدد سرکاری اسکیموں کو نافذ کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ان ملازمین کی خدمات کووڈ وبائی امراض کے دوران لی گئیں ہیں۔گگن پرتاپ نے کہا کہ متعدد شعبوں میں اپنی خدمات استعمال کرنے کے بعد بھی جموں و کشمیر حکومت ان ملازمین کے ساتھ بدترین امتیازی سلوک کا سہارا لے رہی ہے جنہیں حکومت نے ہر ممکن طریقے سے گھیر رکھا ہے۔انہوںنے کہا کہ ایک طرف حکومت مختلف پہلوؤں سے ان کی خدمات لیتی ہے اور دوسری طرف ان کی تنخواہوں میں کافی عرصہ سے اضافہ بھی نہیں کیا گیا اور اب یہ ملازمین گزشتہ آٹھ ماہ سے اپنی تنخواہوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں آئی سی ڈی ایس ملازمین نے اپنے حقیقی مطالبات کو اٹھانے کے لیے جموں میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا لیکن ان کی بات سننے کے بجائے جموں و کشمیر حکومت نے ان پر پولیس فورس کی لاٹھیاں برسائیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ایک سرکاری ملازم کو اپنی تنخواہ کے مطالبہ میں اب پولیس کی لاٹھی ملے گی۔گگن پرتاپ نے مزید کہا کہ بی جے پی اور جموں و کشمیر کی ایل جی انتظامیہ ملازمین کی حالت زار کے تئیں مکمل طور پر غیر حساس ہے۔