؎بھدرواہ //محکمہ جنگلات کی طرف سے جنگلاتی اراضی سے ناجائز قبضہ ہٹانے کے لئے شروع کی گئی مہم کے تحت فاریسٹ پروٹیکشن فورس اور فاریسٹ ڈویژن بھدرواہ نے مشترکہ کارروائی کر کے ضلع ڈوڈہ کے ٹانٹا میں 200کنال زمین بازیاب کر لی ہے، تاہم مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ کچھ ناجائز قابضین نے ملازمین کے ساتھ ملی بھگت کر کے کچھ ہی گھنٹوں کے بعد زمین پر دوربارہ قبضہ کر لیا ہے ۔ تحصیل کاہراہ کے ٹانٹہ کے علاقہ میں کمپارٹمنٹ نمبر 5جائی چرالہ رینج میں چلائی گئی اس مہم کے دوران سرکاری زمین پر قابضین کی جانب سے لگائی گئی تار بندی ہٹا لی گئی اور مکئی کی فصل کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ مہم کے کچھ ہی دیر بعد ناجائز قابضین نے ایک بار پھر زمین پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ محکمہ کے افسران کی طرف سے چلائی گئی اس مہم سے امید بندھی تھی کہ ان بارسوخ افراد کے خلاف بھی کارروائی ہوگی جو ہمیشہ بچ جاتے ہیں لیکن ہر بار صرف غرباء کو نشانہ بنانے والے افسران نے غیر سنجیدگی سے یہ مہم چلائی جس کے نتیجہ میں کچھ ہی گھنٹوں کے بعد قابضین نے دوبارہ زمین پر قبضہ جما لیا۔ رابطہ قائم کرنے پر ڈی ایف او بھدرواہ خالد امین مہتہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بازیاب کی گئی زمین پر اگر کسی نے دوبارہ قبضہ کیا ہوگا توا س کے خلاف معاملہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بازیاب شدہ اراضی پر کسی کو بھی دوبارہ قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔