عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادی میں حفاظتی انتظامات میں اضافے کے پیشِ نظر سرینگر پولیس نے جمعے کو شہر کے مختلف علاقوں میں کیمیکل اور کھاد بیچنے والی دوکانوں کی ہمہ گیر جانچ مہم چلائی۔ پولیس کے مطابق اس کارروائی کا مقصد حساس مواد کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا اور قانون کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کو یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی خصوصی ٹیموں نے پولیس اسٹیشن نوہٹہ، لال بازار، شہیدگنج، چندرپورہ، راجباغ، آر ایم باغ، ہارون، نشاط، ایم آر گنج، صفاکدل، زڈی بل، حضرت بل، نگین، صدر اور دیگر کئی علاقوں میں دوکانوں کا معائنہ کیا۔
کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں نے اسٹاک رجسٹر، خرید و فروخت کے ریکارڈ، بلک خریداروں کی شناخت کے طریقۂ کار، اور ایسے کیمیکل یا کھاد کی محفوظ ذخیرہ اندوزی کی جانچ کی جن کا غلط استعمال سیکیورٹی کے لیے خدشات پیدا کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ دوکانداروں کے لائسنس، قانونی ضوابط اور حفاظتی رہنما خطوط پر عمل درآمد کی بھی تصدیق کی گئی۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی حساس یا محدود شدہ مواد غیر مجاز افراد تک نہ پہنچے۔
انہوں نے کہا، ’ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ تمام ڈیلر درست ریکارڈ رکھیں، شناختی دستاویزات کی باقاعدہ جانچ کریں اور کسی بھی مشتبہ خرید و فروخت کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔‘
پولیس نے دوکانداروں کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں چوکنا رہنے، مشکوک لین دین کی اطلاع دینے اور ریکارڈ کی شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ اہلکاروں نے واضح کیا کہ تمام دوکانوں میں کیمیکل اور کھاد کے ذخیرے کی محفوظ طریقے سے نگرانی اور مناسب طریقے سے دستاویزی کارروائی قانونی طور پر ضروری ہے۔
سرینگر پولیس کے مطابق اس طرح کی جانچ مہم آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی تاکہ حساس مواد کے کسی بھی ممکنہ غلط استعمال کو بروقت روکا جاسکے۔ یہ جانچ مہم عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے ہماری جامع حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔ حساس کیمیکل یا کھاد کا غلط ہاتھوں میں جانا کسی بھی سنگین صورتحال کو جنم دے سکتا ہے، اس لیے ایسی کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
پولیس نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ امن و امان برقرار رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی بیخ کنی کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں اور انتظامیہ ہر سطح پر حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔
سرینگر پولیس کی شہر بھر میں کیمیکل اور کھاد کی دوکانوں کی سخت جانچ پڑتال